ڈپٹی کمشنر گجرات نورالعین کی زیر صدارت پٹرول پمپس مالکان، ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن، انجمن تاجران،کے نمائندگان کے ساتھ ایک اہم اجلاس
گجرات: ڈپٹی کمشنر گجرات نورالعین کی زیر صدارت پٹرول پمپس مالکان، ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن، انجمن تاجران، رکشہ و چنگ چی یونین اور گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے نمائندگان کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں حالیہ مشرقِ وسطیٰ کی جنگی صورتحال کے باعث پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس میں مختلف کاروباری و ٹرانسپورٹ شعبوں سے تعلق رکھنے والے نمائندگان نے اپنے تحفظات اور مسائل پیش کیے۔ شرکاء نے بتایا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے نہ صرف ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں اضافہ ہوا ہے بلکہ کاروباری سرگرمیوں پر بھی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نورالعین قریشی نے تمام نمائندگان کے مسائل کو تفصیل سے سنا اور انہیں یقین دہانی کروائی کہ ان کے تحفظات اعلیٰ حکام تک پہنچائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب عوام اور کاروباری طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات پر غور کر رہی ہے تاکہ مہنگائی کے اثرات کو کم کیا جا سکے۔انہوں نے واضح کیا کہ نئے کرایہ نامے (Fare Lists) جاری کیے جائیں گے، جن پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے ٹرانسپورٹرز اور تاجروں کو ہدایت کی کہ وہ حکومتی پالیسیوں اور مقررہ نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنائیں اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔اجلاس میں اے ڈی سی جی صبا سحر، ایس پی مہر ریاض ناز، ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز راشدہ بتول، سیکرٹری آر ٹی اے صدام حسین سمیت دیگر متعلقہ افسران اور مختلف ایسوسی ایشنز کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں باہمی مشاورت کے ذریعے مسائل کے حل اور بہتر کوآرڈینیشن پر بھی اتفاق کیا گیا۔