پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ عام آدمی کی مشکلات میں مزید اضافہ کرے گا:ڈاکٹر عظیم الدین لکھوی ایم این اے
حکومت کو چاہیے کہ عوام دوست پالیسیاں اپنائے اور مہنگائی پر قابو پانے کے لیے ٹھوس حکمت عملی اختیار کرے: پروفیسر سیف اللہ قصوری
الہ آباد (مہر اسماعیل جاوید) حکومت کی جانب سے ایران امریکہ جنگ کا بہانہ بنا آئے روز پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام پر ظلم کے مترادف ہے جس سے مہنگائی کا طوفان مزید شدت اختیار کر جائے گا ان خیالات کا اظہار پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما ڈاکٹر عظیم الدین لکھوی ایم این اے اور پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے جنرل سیکرٹری پروفیسر سیف اللہ قصوری نے ڈیرہ لکھوی پر سینئر صحافیوں مہر اسماعیل جاوید اور حاجی آصف محمود سے ایک مشترکہ بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ پہلے ہی عوام مہنگائی بے روزگاری اور معاشی دباؤ کا شکار ہے ایسے میں پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ عام آدمی کی مشکلات میں مزید اضافہ کرے گا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے نہ صرف ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافہ ہوگا بلکہ اشیائے خوردونوش سمیت روزمرہ استعمال کی تمام چیزوں کی قیمتیں بھی بڑھ جائیں گی جس کا براہِ راست اثر غریب اور متوسط طبقے پر پڑے گا انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کو چاہیے کہ عوام دوست پالیسیاں اپنائے اور مہنگائی پر قابو پانے کے لیے ٹھوس حکمت عملی اختیار کرے ورنہ عوامی ردعمل میں شدت آئے گی